کراچی(ااسٹاف رپورٹر ) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ سے امریکی جیل میں ملنے کے لیے ان کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سینیٹر مشتاق احمد خان اور ڈاکٹر عافیہ کیس کے وکیل کلائیو اسٹفورڈ اسمتھ کے ہمراہ امریکہ پہنچ گئیں۔عافیہ موومنٹ کے کوآرڈینٹر و ترجمان محمد ایوب نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور سینیٹر مشتاق احمد خان کے امریکہ پہنچنے پر ان سے رابطہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کے ہیوسٹن ایئرپورٹ پرڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو لینے پاکستانی قونصلیٹ کے ڈپٹی قونصلر جنرل اشعر شہزاد دیگر افسران کے ہمراہ موجود تھے۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے بتایا کہ ڈاکٹر عافیہ سے ایف ایم سی کارسویل جیل میں 30مئی کو ملاقات متوقع ہے۔ اس ملاقات میں سینیٹر مشتاق احمد خان اور کلائیو اسٹفورڈ اسمتھ بھی ان کے ہمرا ہ ہوں۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے بتایا کہ وہ آج شام امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور میں اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کی ایک ممتاز تنظیم ”اکنا – ICNA “ کے کنونشن میں شرکت کے فوراََ بعد ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات کے لیے ہیوسٹن روانہ ہوجائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کنونشن میںپاکستان و ترکی کے سفیر اور امریکی مسلم لیڈر شپ بھی شرکت کررہی ہے جن سے ان کی ملاقات طے ہے اور وہ اس موقع پرڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی کوششوں پر ان سے مشاورت اور تبادلہ خیال بھی کریں گے ۔