لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہنگامہ آرائی میں ملوث پی ٹی آئی کے مزید 6 شرپسندوں کو فوجی عدالت کے حوالے کردیا گیا۔
نجی ٹی وی نے ذرائع سے دعویٰ کیاہے کہ فوجی عدالتوں کے حوالے کیے جانے والے شرپسندوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔ ان افراد کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد حساس تنصیبات پر حملے کرنے پرگرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شرپسندوں کو تفتیش اور ٹرائل کے لیے فوجی عدالتوں کے حوالے کیا گیا ہے۔ ملٹری کورٹس کو دیے جانے والے کیسزکے ٹھوس شواہد بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ فوجی عدالتوں میں دیے جانے والے شرپسند براہ راست جناح ہاؤس و دیگر حساس تنصیبات کی حدود کے اندر جلاؤ گھیراؤ کرتے رہے۔ شواہد کی تصدیق ہونے پر کیسز منتقل کیے گئے۔