عوام، فوج میں دوریاں پیدا کرنیوالے کبھی کامیاب نہیں ہونگے،آرمی چیف

راولپنڈی (امت نیوز)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا۔آرمی چیف نے روایتی، غیر روایتی آپریشنل تیاریاں برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آ رمی چیف نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں افسران سے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور مسلح افواج کے درمیان اٹوٹ انگ بندھن ہے،عوام اور فوج کے درمیان دوریاں پیدا کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہونگے،پاک فوج دنیا کی مضبوط ترین افواج میں سے ایک ہے،اہل پاکستان کی بے مثال حمایت سے پاک فوج کو کوئی نہیں روک سکتا۔آرمی چیف نے کوئی گیریژن میں جوانوں کیلئے مختلف فلاحی سکیموں کا دورہ کیا۔آرمی چیف کے کوئٹہ گیریژن پہنچنے پر کمانڈر کوئٹہ کور نے استقبال کیا۔

کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے اندرونی اور بیرونی قوتوں کے درمیان گٹھ جوڑ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے مزید کہا ہے کہ اہل پاکستان کی بے مثال حمایت سے پاک فوج کو کوئی نہیں روک سکتا، عوام نے حالیہ دنوں پاکستان بھر میں اپنی اچھوتی محبت کا اظہار کرتے ہوئے دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا ہے۔