طوفانی بارش : تھرپارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے6 ہندو یاتری ہلاک

تھرپارکر(امت نیوز)طوفانی بارش سے مٹھی میں آسمانی بجلی گرنے سے6 ہندو یاتری ہلاک ،کئی زخمی ہوگئے جبکہ وہاڑی میں بچی جاں بحق ہوگئی ۔مٹھی سے ویڑجھپ جانے والے ہندو یاتریوں کے قافلے پر آسمانی بجلی گرگئی جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک کئی زخمی ہوگئے جن کو مقامی اسپتال میں داخل کرادیا گیاہے۔ریسکیو ذرائع کےمطابق مٹھی میں ہونے والی شدید بارش کےباعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامناہے۔

میلے میں جانے والے یاتریوں کی تعداد 100 تھی جبکہ کچی سڑک کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کاسامنا ہے۔وہاڑی میں گزشتہ شب طوفان باد وباراں کے باعث ضلع بھر میں 5 چھتیں گرنے کے واقعات ہوئے 7 ڈبلیو بی، وہاب چوک وہاڑی، 101 ڈبلیو بی،187 ای بی،اور لکڑ منڈی میں مکانوں اور باڑوں کی چھتیں گرنے سے 7 ڈبلیو بی کی ایک چھ ماہ کی بچی جاں بحق ہوگئی جبکہ کر واقعات میں 5 افراد زخمی ہوگئے ۔

دریں اثناصوبائی دارلحکومت لاہور میں گزشتہ روز موسم جزوی ابر آلود رہا دن بھر سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہی جبکہ ہوائیں چلنے سے گرم کی شدت کم رہی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہا۔تاہم جنوبی پنجاب ، شمال مغربی سندھ، شمالی بلوچستان ، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج منگل کے روز پنجاب، خیبر پختونخوا ، بالائی /مشرقی سندھ ، شمال مشرقی بلوچستان ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی/جھکڑ چلنےاور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقا مات پر ژالہ باری کا بھی امکان۔ اس دوران چند مقامات پر موسلا دھار بارش متوقع ہے ۔