پاکستان میں ایشیاء کپ سبوتاژ کرنے کیلئے بھارت ہٹ دھرمی پر قائم

نئی دہلی (سپورٹس ڈیسک)ایشیا کپ کی میزبانی پر بھارت اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہے، اس سلسلے میں حتمی فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی ایگزیکٹو باڈی کرے گی۔بی سی سی آئی کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل کی پاکستانی تجویز کو ماننے سے مستقل انکار کے ساتھ بھارتی بورڈ مکمل طور پر کسی غیر جانبدارر مقام پر ایونٹ کے انعقاد پر بضد ہے۔ بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ہائبرڈ ماڈل کی پاکستانی تجویز سے متعلق حتمی فیصلہ اب ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی ایگزیکٹو باڈی کرے گی۔اس حوالے سے ایشین کرکٹ کونسل کے ایک رکن نے بتایا کہ بھارتی بورڈ ایشیا کپ کی میزبانی کے حوالے سے اب تک کسی بھی فیصلے میں رکاوٹ بنا ہوا ہے، جس کے بعد حتمی فیصلہ اے سی سی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ایشین کونسل کے رکن کے مطابق سری لنکا، بنگلادیش اور افغانستان کی جانب سے پہلے ہی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو تصدیق کی جا چکی ہے کہ انہیں پاکستان میں کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں، لیکن بھارتی بورڈ تاحال پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کی مخالفت پر اَڑا ہوا ہے اور اسی وجہ سے ڈیڈلاک تاحال برقرار ہے، جس کی وجہ سے حتمی فیصلہ اے سی سی کے اجلاس میں کیا جائے گا، جس میں جے شاہ کو بھی طلب کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹورنامنٹ کے لیے ہائبرڈ ماڈل کی تجویز دی تھی۔ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کے پیش کردہ ہائبرڈ ماڈل کے مطابق پہلے صرف بھارت کے مقابلے پاکستان سے باہر کرانے کا کہا گیا، پھر چند روز بعد ابتدائی 4 کے سوا دیگر میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کی تجویز دی گئی-بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے دعویٰ کیا ہے بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی ہائبرڈ ماڈل کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔گپتا نے اسپورٹس ٹاک کے دوران دعویٰ کیا کہ گزشتہ روز ایشیا کپ کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ جے شاہ اور ایشین کرکٹ کونسل کے چیف اور افغانستان، سری لنکا، بنگلا دیش کے سربراہان کرکٹ کی میٹنگ ہوئی، اس میٹنگ میں جے شاہ نے تمام بورڈز پر واضح کیا ہے کہ بی سی سی آئی پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کے حق میں نہیں۔