عمران خان نے ضمانتی مچلکے جمع کروادیے

لاہور: عمران خان نے انسداد دہشت گردی عدالت اور ہائی کورٹ میں آکر اپنے ضمانتی  مچلکے جمع کروادیے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان تین مقدمات میں ضمانتی مچلکے جمع کروانے کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت پہنچے۔

عدالت نے 9 مئی واقعات کے مقدمات میں سابق وزیراعظم کی 2 جون تک عبوری ضمانت منظور کررکھی ہے، اس سلسلے میں انہیں ایک ایک لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے عمران خان کے تینوں مقدمات میں ضمانتی مچلکے منظور کرلیے۔ حبیب ایڈووکیٹ نامی وکیل کی جانب سے جمع کروائے گئے ضمانتی مچلکے عمران خان کے دستخط کیے جانے کے بعد انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے منطور کیے۔

بعد ازاں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان لاہور ہائی کورٹ پہنچے جہاں ان کے ضمانتی مچلکے جمع کروائے گئے۔ ظل شاہ کیس میں  عمران خان کی جانب سے جمع کروائے گئے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے لاہور ہائی کورٹ نے منظور کرلیے جس کے بعد عمران خان زمان پارک روانہ ہو گئے۔