لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی بطور پارٹی صدر بحالی کے لیے درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس باقر علی نجفی نے مقامی وکیل آفاق احمد کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار آفاق احمد ایڈووکیٹ نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ جو وقوعہ نوازشریف کے ساتھ تھا اب عمران خان کے ساتھ ہے۔عدالت نے درخواست گزار سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی استدعا پڑھیں۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ نوازشریف کو پارٹی صدر کے عہدے پر بحال کیا جائے، جبکہ عمران خان، شیخ رشید اور سراج الحق صادق اور امین نہیں رہے ان کیخلاف کارروائی کی جائے،الیکشن کمیشن کو ریکارڈ کی درستگی کا حکم دیا جائے۔
جج نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے نوازشریف کو 2 کیسز میں نااہل کیا تھا، آپ کو سپریم کورٹ سے ریلیف مل سکتا ہے، نوازشریف کو عہدے پر بحالی کا حکم سپریم کورٹ جاری کر سکتی ہے۔
عدالت نے رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔
یاد رہے گزشتہ روز نواز شریف کی پارٹی صدارت پر بحالی کے لئے درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا تھا۔