کراچی (اسٹاف رپورٹر)پی آئی اے کا 777 بوئنگ طیارہ کوالالمپور ایئرپورٹ پر روک لیا گیا ۔ طیارے کے ایک انجن کی ملکیتی کمپنی نے ادائیگی کے معاملے پر جہاز کو بیرون ملک قبضے میں لیا ہے ۔ پی آئی اے کے مطابق ملائشیا میں پی آئی اے کا طیارہ ایک انجن کی لیزنگ ادائیگی کے باوجود روکا گیا ہے جو پہلے ہی کردی گئی تھی ۔
پی آئی اے ترجمان کے مطابق کوالالمپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے کو قبضے میں لینے کے وضاحت میں کہا کہ مذکورہ بوئنگ 777 طیارہ خود پی آئی اے کی ملکیت ہے اور لیزنگ کمپنی طیارے میں نصب دوانجنوں میں سے صرف ایک انجن کی مالک ہے۔لیزنگ کمپنی نے ملائیشیا کی ایک مقامی عدالت میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ پی آئی اے کے ذمے اس کے 4.5 ملین امریکی ڈالر واجب الادا ہیں حالانکہ اصل قابل ادائیگی رقم 1.8 ملین امریکی ڈالر تھی اور وہ بھی انہیں پہلے ہی ادا کر دی گئی تھی۔
ہمارا موقف ہے کہ ضبطی کے لیے پیش کیا گیالیزنگ کمپنی کا دعویٰ غلط ہے اور پی آئی اے نے کوالالمپور میں اپنے وکلاء کو عدالت میں اس معاملے پر اپنا بھر پور موقف پیش کرنے کے لئے کہا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ پی آئی اے پہلے ہی اس پرواز کے مسافروں کو متبادل طیارے کے ذریعے واپس پاکستان پہنچا چکی ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق یہ ہوائی جہاز جلد ہی کوالالمپور سے وطن واپسی کے لئے عام کمرشل پرواز کے طور پر اڑان بھرے گا۔