عمران خان نے عبدالقادر پٹیل کو 10 ارب روپے کا ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا

لاہور(امت نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وفاقی وزیرصحت عبدالقادر پٹیل کو 10 ارب روپے کا ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔

وفاقی وزیرصحت عبدالقادر پٹیل نے 26 مئی کو پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان کی میڈیکل رپورٹ میں شراب اور کوکین کے اجزا پائے گئے ہیں۔ بیان پر تحریک انصاف نے قادر پٹیل، قومی احتساب بیورو (نیب) سمیت وزارتِ صحت اور پمز اسپتال کے ڈاکٹرز کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا تھا۔

میڈیکل رپورٹ پر وزیرِصحت کی پریس کانفرنس کے خلاف تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے قادر پٹیل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کردیا گیا ہے، اور وفاقی وزیر کو 10 ارب ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیرصحت کو نوٹس عمران خان کے وکیل ابو ذر سلمان نیازی کی جانب سے بھجوایا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ عبدالقادر پٹیل 15 روز میں اپنے بیہودہ الزامات واپس لیں، اور عمران خان سےغیرمشروط معافی مانگیں، اگر انہوں ںے معافی نہ مانگی تو قانونی کارروائی آگے بڑھائیں گے۔