اسلام آباد (امت نیوز) وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار سے منگل کولاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک مشترکہ وفد نے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور، فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق اوردونوں چیمبرز کے سینئر اراکین شامل تھے۔
وزیر خزانہ کے ہمراہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، ریفامز اینڈ ریسورس موبلائزیشن کمیشن کے چیئرمین اشفاق تولہ، چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد اور وزارت خزانہ اور ریونیو ڈویژن کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی اقتصادی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے وفد کو بتایا کہ حکومت معیشت کی بحالی اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کے کئی شعبوں میں اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں جن کے مستقبل میں مثبت اثرات ہوں گے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ مستقبل میں معاشی صورت حال بہترہو گی۔
مشترکہ وفد نے وزیر خزانہ کو یقین دلایا کہ تاجر برادری آئندہ مالی سال کے لئے برآمدات بڑھانے اور ریونیو کے اہداف حاصل کرنے کی حکومتی کوششوں میں بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے آئندہ وفاقی بجٹ میں شامل کرنے کے لئے اپنی تجاویز پیش کیں۔
وزیرخزانہ نے تجاویز کا خیرمقدم کیا اور حکومت کی طرف سے تاجر برادری کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اُنہوں نے تاجر برادری کی طرف سے ملک کی معاشی ترقی کے لئے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔