کوسووو: نیٹو امن فوج کے 30 اہلکار مظاہرین سے جھڑپوں کے دوران زخمی

پرسٹینا(نیٹ نیوز) کوسووو میں سرب کمیونٹی کے علاقے میں البانوی میئر کو لے کر شدید مظاہرے جاری ہیں جس میں نیٹو کی زیر قیادت امن فوج کے ایف او آر کے 30 اہلکار بھی زخمی ہوچکے ہیں۔

سربوں نے شمالی کوسوو میں ایک میونسپلٹی کے دفاتر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جہاں البانوی میئروں نے گزشتہ ہفتے اپنا عہدہ سنبھالا تھا۔ کچھ جھڑپیں دارالحکومت پرسٹینا کے شمال میں 45 کلومیٹر (28 میل) دور زویکن کی میونسپلٹی میں ہوئیں۔

نیٹو نے اپنے بیان میں بتایا کہ زخمی اہلکاروں میں 11 اطالوی اور ہنگری کے 19 فوجی شامل ہیں جنہیں دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات سے فریکچر آئے ہیں اور کچھ جھلس بھی گئے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ہنگری کے تین فوجی آتشیں ہتھیاروں کے استعمال سے زخمی ہوئے تاہم ان کی چوٹیں جان لیوا نہیں ہیں۔

کے ایف او آر کے کمانڈر میجر جنرل اینجیلو مائیکل ریستوشیا کا کہنا تھا کہ دونوں فریقوں کو جو کچھ ہوا اس کی پوری ذمہ داری قبول کرنے کی ضرورت ہے اور غلط بیانیوں کے پیچھے چھپنے کے بجائے حالات کو مزید کشید ہونے سے بچانا چاہیے۔