کراچی(امت نیوز) نارتھ ناظم آباد میں شادی کے دوران فائرنگ، مدرسے کا طالبعلم جاں بحق، ایک شخص زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق پولیس نے فائرنگ میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر کے آلہ قتل پستول برآمد کرکے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ مقتول کی لاش اور زخمی کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا۔
مقتول کی شناخت 17 سالہ ابوبکر راجپوت ولد شاہد راجپوت جبکہ زخمی کی شناخت 35 سالہ معاویہ ولد الطاف کے نام سے کی گئی، مقتول نصرت بھٹو کالونی سیکٹر 7/C بلال مسجد کے قریب کا رہائشی اور 3 بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا، پولیس نے جاں بحق ہونے والے نوجوان کے ورثا سے معلومات حاصل کرنا چاہی تو تلخ کلامی ہوگئی تاہم وہاں موجود مقتول کے ایک رشتے دار نے ایس ایچ او کو تفصیلات اور ملزمان کے نام بھی بتادیئے۔
ایس ایچ او نے پولیس پارٹی کے ہمراہ چھاپہ مار کر فائرنگ میں ملوث تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں حارث ولد ابوبکر، شہباز عرف بھایا ولد علی شیر اور عالم زیب ولد اجمل خان شامل ہیں، ملزمان سے آلہ قتل ایک پستول بھی برآمد کر لیا گیا۔گرفتاری کے بعد انکشاف ہوا کہ فائرنگ میں استعمال ہونے والا پستول گرفتار ملزم عالم زیب کا تھا جو شہباز عرف بھایا اس سے شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنے کے لیے لایا تھا۔