بحریہ ٹائون راولپنڈی میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے جج قتل

راولپنڈی(کرائم رپورٹر)بحریہ ٹاؤن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سیشن جج جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق روات کے علاقے فیز 8 میں دو ڈاکو گھر میں ڈکیتی کی غرض سے داخل ہوئے اور اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنانے کی کوشش کی، اس موقع پر گھر میں موجود سیشن جج آزاد کشمیر سردار امجد اسحاق نے مزاحمت کی۔پولیس کا بتانا ہے کہ مزاحمت پر ایک ڈاکو نے فائرنگ کردی جس سےسردار امجد زخمی ہوگئے، انہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جاں بر نہ ہوسکے۔پولیس ترجمان کے مطابق ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیاگیاہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق 5 ملزمان واردات کے لئے گھر میں داخل ہوئے جہاں مزاحمت پر فائرنگ ہوئی، واقعہ کی اطلاع پر ایس پی صدر، اے ایس پی صدر اور مقامی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی، موقع سے شواہد حاصل کئے گئے ہیں، نعش کو پوسٹمارٹم جبکہ زخمی کو علاج معالجہ کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، واقعہ کی تمام زاویوں پر تحقیقات کی جا رہی ہیں، ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر نے کہاہے کہ گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں کو بھی جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔ واقعہ پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لے کرایس پی صدر سے رپورٹ طلب کرلی اور ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیاہیپولیس کے مطابق سردار امجد اسحاق کا تعلق راولاکوٹ، ہورنہ میرہ (کوٹیڑہ) سے تعلق تھا۔ مرحوم امجد اسحاق میرپور آزاد کشمیر کی احتساب عدالت میں بطور جج اپنی خدمات سر انجام دے رہے تھے، تاہم ان دنوں بیماری کے باعث راولپنڈی کی ایک ہاؤسنگ سوسائٹی بحریہ ٹاؤن میں اپنے گھر میں رہائش پذیر تھے۔