چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وفاقی وزیرصحت عبدالقادر پٹیل کے بعد ڈاکٹر رضوان تاج کو بھی 10 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔
وفاقی وزیرصحت عبدالقادر پٹیل نے 26 مئی کو پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان کی میڈیکل رپورٹ میں شراب اور کوکین کے اجزا پائے گئے ہیں۔ بیان پر تحریک انصاف نے قادر پٹیل، قومی احتساب بیورو (نیب) سمیت وزارتِ صحت اور پمز اسپتال کے ڈاکٹرز کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا تھا۔
گزشتہ روز عمران خان کی جانب سے وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کے 10 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجا گیا تھا،اب چیئرمین پی ٹی آئی نے پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج کو بھی قانونی نوٹس بھجوا دیا ۔
نوٹس عمران خان کے وکیل بیرسٹر احمد پنسوٹہ ایڈووکیٹ کی جانب سے بھجوایا گیا ہے، جس میں پمز اسپتال کے ڈاکٹر رضوان تاج سے جعلی رپورٹ تیار کرنے پر 10 ارب روپے بطور ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر رضوان تاج عمران خان سے غیر مشروط معافی مانگیں اور میڈیا میں اسے نشر کریں بصورت دیگر قانون کا سامنا کرنے کیلیے تیار رہیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ جعلی میڈیکل رپورٹ کی تیاری و اجرا پر پروفیسر ڈاکٹر رضوان کیخلاف مقدمہ درج کروایا جائے گا، اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل سے بھی رجوع کیا جائے گا۔