جنوبی وزیرستان میں فورسز کا آپریشن،2 دہشت گرد ہلاک

جنوبی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کرکے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دوسالی میں آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بنیادوں پر کیا گیا، اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے ہتھیار اور گولیاں برآمد کرلی گئیں، ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف سرگرمیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے تاکہ کسی ممکنہ دہشت گرد کو ختم کیا جا سکے جبکہ علاقے کے عوام نے آپریشن کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔