ہیوسٹن (امت نیوز) ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ان کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ٹیکساس کے شہر ڈیلس فورتھ ورت کی فیڈرل جیل میں دوسری ملاقات کی۔ ملاقات میں عافیہ صدیقی کے وکیل اسمتھ اسٹیفورڈ ،پاکستان سے آئے سینیٹر مشتاق احمد بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی نےبتایا وہ بے قصور ہیں، ان پر جس طرح جسمانی اور ذہنی تشدد کیا گیا وہ بیان نہیں کر سکتیں ،وہ اُن تمام پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتی ہیں جو اُن کی رہائی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں ۔ڈاکٹر عافیہ کا کہنا تھا وہ اپنے بچوں احمد اور مریم کو بہت یاد کرتی ہیں،کاش امریکی انتظامیہ ان بچوں کی تصاویر ان کو دیکھنے دیتی، آپ خود اندازہ کر لیں جو تصاویر نہیں دیکھنے دیتے وہ 20 سال بعد بہن کوگلے ملنے کی اجازت کیونکر دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے اس جذباتی ملاقات میں ڈاکٹر فوزیہ انہیں بچوں احمد اور مریم کے بارے میں بتاتی رہیں کہ ان کے مشاغل کیا ہیں اور کوئی ایسا دن نہیں گزرتا جب انہوں نے اپنی ماں کو یاد نہ کیا ہو۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے ڈاکٹر عافیہ نے اپنی بہن فوزیہ کو وصیت بھی کی ہے جس کو خفیہ رکھا جا رہا ہے۔دوسری جانب پاکستانی امریکن کانگریس کے زیراہتمام 4 جون کو ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں ہیوسٹن کےقونصل جنرل آفتاب چوہدری اور جج سونیا راش خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔ پاکستانی امریکن کانگریس کے صدر ڈاکٹر اشرف عباسی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا جب امریکیوں نے پاکستانی حکومت کو ڈیل آفر کی تھی کہ شکیل آفریدی کے بدلے ڈاکٹر عافیہ کو رہا کیا جا سکتا ہےتو حکومت نے اس ڈیل کو قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا ،اگر وہ ایسا نہ کرتے تو آج عافیہ صدیقی اور ان کی فیملی سمیت پاکستانی عوام کو یہ دن نہ دیکھنا پڑتے۔
سینیٹر مشتاق احمد نے اپنے ٹویٹ میں کہا زنجیروں کےجھنکار میں،جہنم کےگڑھے سےموسوم جیل میں، صبرو استقامت کی کوہ ہمالیہ ڈاکٹرعافیہ صدیقی سےجیل میں3گھنٹےطویل ملاقات!ڈاکٹرفوزیہ،وکیل کلائیوسمتھ ساتھ۔امت کی اس معصوم بیٹی عافیہ نےعوام،سیاستدانوں،حکمرانوں کےنام کیا پیغام دیا؟علی اور آسیہ اور حمیرا کیلئے کیا پیغام دیا؟اپنے بچوں، والدین کاکسطرح تذکرہ کرتی رہی؟جیل میں کس بدترین سلوک اوراذیت سے گزرتی ہے؟سب کچھ قوم سےشیئر کرونگالیکن صبرکہ گزشتہ چنددن زندگی کےمشکل ترین ہیں۔فی الحال اتناکہ حکمران کم ازکم جیل کےموجودہ بدترین اذیت والےیونٹ سےان کونکال کرکسی دوسرےکم اذیت والےیونٹ میں منتقل کریں اورعوام ڈاکٹرعافیہ کی رہائی کی جدوجہد تیزکریں ۔
قبل ازیں منگل کو ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی اپنی بہن ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے 20سال بعد ملاقات ہوئی تھی۔جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نےاپنے ٹویٹ میں لکھا دونوں بہنوں کی ملاقات ڈھائی گھنٹے تک جاری رہی،ملاقات کے دوران انتہائی جذباتی مناظر دیکھے گئے،ڈاکٹر فوزیہ کو عافیہ سے گلے ملنےاور ہاتھ ملانے کی اجازت نہیں تھی، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو یہ بھی اجازت نہیں دی گئی کہ وہ عافیہ صدیقی کو ان کے بچوں کی تصاویر دکھا سکیں،ملاقات جیل کے کمرے میں ہوئی جس کے درمیان میں موٹا شیشہ لگا ہوا تھا جس کے آرپار سے دونوں بہنوں کی ملاقات کرائی گئی، عافیہ صدیقی نے سفید رنگ کا سکارف اور جیل کا خاکی لباس پہنا ہوا تھا۔ڈاکٹر عافیہ صدیقی نےاپنے اوپر گزرنے والی اذیت کی تفصیلات بتائیں جبکہ انہیں اپنی والدہ کی وفات کا بھی علم نہیں تھا جن کے بارے میں وہ پوچھتی رہیں، عافیہ صدیقی نے اپنے بچوں سے متعلق بھی دریافت کیا۔