لاہور (اُمتنیوز) پاکستان میں ایشیاکپ اور چیمپئینز ٹرافی 2025 کے انعقاد کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اعلیٰ عہدیداروں نے سیکیورٹی اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
چیئرمین آئی سی سی گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹو جیف ایلر ڈائس نے سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا اور کیمروں سے سرویلنس کا معائنہ کیا، پی سی بی کے مینجنگ ڈائریکٹر محمد کامران خان نے ایشیاکپ کیلئے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
پی سی بی حکام کی جانب سے آئی سی سی وفد کو پاکستان دورہ کرنے والی ٹیموں کو دی جانے والی سکیورٹی کی ویڈیوز دکھائی گئیں اور ائیرپورٹ، اسٹیڈیم روٹس، ہوٹلز، پارکنگ اور پولیس فورس کے انتظامات بارے بھی بریفنگ دی گئی۔
آئی سی سی وفد کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی اشتراک بارے بتایا گیا ، چیئرمین آئی سی سی گریگ بارکلے نے شہر بھر میں نصب کیمروں سے روٹس کو مانیٹر کیا اور سیکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا۔