بیروت (مانیٹرنگ ڈیسک)لبنان کے سکیورٹی ذرائع کے مطابق شام اور فلسطین نواز عسکری گروپ کے پانچ جنگجو ایک دھماکے میں شہیدہو گئے۔ یہ مبینہ حادثاتی دھماکہ مشرقی لبنان میں تنظیم کے ٹھکانے میں ہوا۔عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کی جنرل کمان کے ترجمان نے الزام عاید کیا ہے کہ یہ دھماکہ حادثہ نہیں بلکہ شامی سرحد کے قریب قصیہ کے علاقے میں گذشتہ شب چھاپہ مار کارروائی کے دوران کی جانے والی کارروائی کا نتیجہ تھا۔ اسرائیل نے اس چھاپے میںاپنی شرکت سے انکار کیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اسلحہ ڈپو میں ایک پرانا راکٹ پھٹنے سے مزاحمت کاروں کے ٹھکانے میں زوردار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔شام میں موجود تنظیم کے بشار الاسد حکومت اور ان کے لبنانی اتحادی حزب اللہ سے قریبی روابط ہیں۔ تنظیم کی لبنان کے علاقے وادی بعقہ میں ٹھکانے بھی موجود ہیں۔ جنرل کمان پاپولر فرنٹ برائے آزادی فلسطین کے ترجمان انور راجہ نے بتایا کہ ٹھکانے پر اسرائیل نے رات کو حملہ کیا تھا۔انہوں نے غیرملکی میڈیا کو بتایا کہ اس کارروائی میں پانچ جنگجو مارے گئے، اس کے علاوہ انہوں نے چھاپے کی کوئی مزید تفصیل بتانے سے گریز کیا۔ اسرائیلی فوج نے تاہم ہلاکت خیز دھماکے میں ملوث ہونے کی خبروں کی تردید کی ہے۔ فوج کے ترجمان نے بتایا کہ یہ اسرائیلی فوج کی کارروائی نہیں۔