تنویر الیاس نے عمران پر فوجی عدالتوں میں مقدمہ چلانے کا مطالبہ کردیا

 

لاہور(امت نیوز)سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے عمران خان کو نام نہاد سیاسی رہنما قرار دیتے ہوئے ان کا کیس فوجی عدالتوں میں چلانے کا مطالبہ کردیا۔جناح ہاؤس لاہور کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سردار تنویر الیاس نے کہا کہ عمران خان نے9 مئی واقعے کا پودا عمران خان کا اپنا لگایا ہوا تھا۔سابق وزیراعظم نے نوجوانوں کو گمراہ کیا اور جھوٹے وعدے کیے۔سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے چیئرمین پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آپ نے کہا تھا کہ فلاں ملک کا وزیراعظم پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرتا ہے۔سردار تنویر الیاس نے مزید کہا کہ ہم پی ٹی آئی کی دلدل میں پھنسے رہے، تحریک انصاف کے سوشل میڈیا ورکرز کی بڑی تعداد ملک سے باہر بیٹھی ہے۔سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پوری دنیا بابائے قوم کے کردار کی تعریف کرتی ہے۔ اُن سے جڑی چیزوں کا احترام ہم پر فرض ہے۔ کیسے کوئی نالائق آدمی ان چیزوں کو جلا سکتا ہے؟ پاک فوج وہ ادارہ ہے جو ملک کے تحفظ کےلیے قربانیاں دیتا ہے۔