وزیراعظم شہباز شریف ترک صدر کی دعوت پر 3 جون کو ترکیہ کا دورہ کرینگے

اسلام آباد (امت نیوز) وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کے نو منتخب صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر انقرہ کا دورہ اور ان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا اعادہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی امریکی سفیر سے ملاقات معمول کا حصہ ہے، مقصد دوطرفہ تعلقات اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کرنا تھا۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ نئی دہلی میں پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں نصب دیوار میں نام نہاد قدیم ہندوستان کو دکھایا گیا ہے جس میں وہ علاقے بھی شامل ہیں جو اب پاکستان اور دیگر علاقائی ممالک کے حصے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بی جے پی کے کچھ سیاست دانوں کے بیانات پر حیران ہیں جن میں مرکزی وزیر بھی شامل ہیں دیوار کو اکھنڈ بھارت سے جوڑ رہے ہیں۔ یہ دعویٰ توسیع پسندانہ ذہنیت کا مظہر ہے جو نہ صرف ہندوستان کے پڑوسیوں بلکہ اس کی مذہبی اقلیتوں کے نظریے اور ثقافت کو بھی زیر کرنا چاہتا ہے۔

ترجمان نے بھارتی سیاستدانوں کو مشورہ دیا کہ وہ دوسرے ممالک کے خلاف بیان بازی میں ملوث نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تسلط پسندانہ اور توسیع پسندانہ عزائم کو پروان چڑھانے کے بجائے، ہندوستان کو ایک پرامن اور خوشحال جنوبی ایشیا کے لیے اپنے پڑوسیوں کے ساتھ تنازعات کو حل کرنا چاہیے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان ممتاز کشمیری رہنما یاسین ملک کو سزائے موت دینے کے ہندوستان کے تازہ ترین اقدام پر گہری تشویش کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری رہنما کو ان کی خراب صحت کے باوجود بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر انسانی حالات میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا تازہ ترین اقدام سیاسی انتقام کی ایک اور مثال ہے جس کا مقصد کشمیری قیادت کو خاموش کرنا اور کشمیری عوام کو ڈرانا ہے۔