سندھ حکومت کا انوکھا کارنامہ، کلرکس بھی جیلر بن گئے

سکھر(امت نیوز)  میں محکمہ جیل خانہ جات کا کارنامہ، کلرک جیل سپرنٹنڈنٹ، ایس پی جیلز اور جیلر بن گئے۔ سندھ جیل خانہ جات کے 25 افسران نے مشترکہ طور پر چیف سیکریٹری سندھ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور آئی جی جیلز کو خط لکھ دیا۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ محکمہ جیل خانہ جات میں سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی گئی، 46 کلرکس کے کیڈر تبدیل کرکے انہیں جیل سپرنٹنڈنٹ، ایس پی جیلز، اسسٹنٹ اور جیلر بنایا گیا ہے۔

خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سکھر سینٹرل جیل کے سپرنٹنڈنٹ اور جیکب آباد جیل پولیس کے ایس پی بنیادی طور پر کلرک بھرتی ہوئے، اسی طرح دادو، شکارپور، بدین ڈسٹرکٹ جیلز کے سپرنٹنڈنٹ بھی کلرک تھے، ان افسران کے غیرقانونی طور پر کیڈر تبدیل کرکے پروموشن کئےگئے۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ پروموشن کیئے جائیں لیکن کیڈر تبدیل کرنے سے ہماری حق تلفی اور سپریم کورٹ کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہوئی ہے۔

افسران کا خط میں کہنا ہے کہ 12 سال سے ہمارے پروموشن نہیں ہوئے، مطالبہ ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں تمام کیڈر تبدیلی والے پروموشن ختم کئے جائیں اور ہمیں قانون کے مطابق پروموشنز دیئے جائیں۔