اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائےاستحقاق کے اجلاس میں کچے کے ڈاکوؤں کے پاس امریکی اسلحہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
پنجاب کے کچے کے علاقے میں آپریشن سے متعلق پولیس کی بریفنگ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا کہ یہاں موجود ڈاکو بھارت سےٹریننگ حاصل کرتے ہیں۔
پولیس حکام نے اپنی بریفنگ میں قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کا آغاز9اپریل کو کیا گیا تھا، ڈاکوؤں کے قبضے سے ہزار ایکڑ سے زائد زمین واگزار کرائی گئی۔
چیئرمین کمیٹی کی جانب سے اسفتسار کیا گیا کہ کیا کیاڈاکوؤں کےپاس امریکاکاچھوڑاہوا اسلحہ ہے، جواب میں پولیس حکام کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کےپاس وہ اسلحہ نہیں،جوڈاکوؤں کےپاس ہے۔ ان کے پاس پولیس سے زیادہ اورجدید اسلحہ ہے۔ ڈاکو2 کلو میٹرتک ہمارے جوانوں کو نشانہ بناتے ہیں اوریہ بھی نہیں پتہ چلتا کہ وہ کہاں بیٹھ کرہمیں نشانہ بنارہےہیں۔
پولیس نے انکشاف کیا کہ ڈاکوؤں کے پاس وہی اسلحہ ہے جو امریکا افغانستان میں چھوڑکرگیاتھا، اس اسلحے کو چلانے کی تربیت ڈاکوؤں کو بھارت سے دی گئی ہے۔