اسلام آباد (امت نیوز) سپریم کورٹ میں پاناما پیپرز درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی، عدالت نے اٹارنی جنرل سمیت فریقین کو نوٹسز جاری کر دئیے۔ روسٹر کے مطابق جماعت اسلامی کی کےالیکٹرک کی نجکاری کیخلاف 2015 میں دائر کی گئی درخواست بھی سماعت کیلئے مقررکی گئی،جس پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 5 جون کو سماعت کرے گا ۔
سپریم کورٹ میں سات جون کو 3 اہم کیسز کی سماعت ہوگی،غیرملکی اثاثوں پر ٹیکس کے خلاف درخواستوں کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کرے گا ،بجٹ 2022 میں غیرملکی اثاثوں پر ٹیکس کے خلاف 188 درخواستیں ہیں۔
عدالت عظمیٰ میں ججز اور بیورو کریٹس کو پلاٹس کی الاٹمنٹ غیر قانونی قرار دینے کا کیس 3 جون کو جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بینچ سنے گا۔
اس کے علاوہ بینکوں سے 54 ارب روپے قرض معافی پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت بھی 3 جون کو ہوگی، جس پر جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی کرے گا ،سپریم کورٹ نے بینکوں سے اثر و رسوخ کے ذریعے قرض معافی پر2007 میں ازخود نوٹس لیا تھا۔
چیف جسٹس آف سپریم کورٹ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 6 جون کو سابق ایم ڈی پی ٹی وی عطاالحق قاسمی نظرثانی کیس کی سماعت کرےگا ،عدالت نے 2018 میں عطاالحق قاسمی کی تقرری کالعدم قرار دیتے ہوئے مراعات واپس لینے کا حکم دیا تھا۔ نظر ثانی درخواستیں پرویزرشید،اسحاق ڈاراور فواد حسن فواد نے دائر کر رکھی ہیں۔