اسلام آباد(اُمت نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور دنیا بھر میں سوئنگ کے سلطان کہلانے والے فاسٹ بولر وسیم اکرم آج 56 برس کے ہوگئے۔ وسیم اکرم 3جون 1966 کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز 1984 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے میچ سے کیا تھا۔ انہوں نے اپنے 19 سالہ طویل کیریئر میں 104 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 414 وکٹیں حاصل کیں جبکہ انہوں نے 356 ون ڈے میچوں میں 502 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔ وسیم اکرم نے ٹیسٹ کرکٹ میں 2898 اور ون ڈے کرکٹ میں 3717 رنز بنائے۔ ان کے بارے میں ان کے ساتھ یا مخالف ٹیموں میں کھیلنے والے کھلاڑی انہیں اپنے عہد کا سب سے بڑا بولر مانتے ہیں۔ وسیم اکرم کیرئیر کے دوران فکسنگ، گروپنگ جیسے تنازعات کا شکار بھی رہے۔ پاکستان میں سابق فاسٹ بولر کے دوست اور مداح کی جانب سے ان کی سالگرہ مبارکباد دے رہے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ٹوئٹر پر وسیم اکرم کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انھیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے بھی وسیم اکرم کو سالگرہ کی مبارکباد دی گئی اور انہیں ’سپیڈ سٹار‘ قرار دیا گیا۔
اسی سلسلے میں آسٹریلیا کی کرکٹ ویب سائٹ نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’خاص طور پر ون ڈے میں جب گیند گھومنا شروع ہوتی تھی تو وسیم اکرم اس وقت جان لیوا بن جاتے تھے۔ پاکستانی لیجنڈ آج 56 برس کے ہوگئے۔‘
کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو کا کہنا ہے کہ ’سیم اور سوئنگ کے ماسٹر جنھوں نے لاتعداد بلے بازوں کو سالہ سال چکما دیا۔‘
وسیم اکرم نے پاکستان کے لیے 25 ٹیسٹ اور 109 ون ڈے میچوں میں کپتانی کی جس میں 1999 کا ورلڈ کپ اور انڈیا کا دورہ بھی شامل ہے۔ لیجنڈری گیند باز نے چار مرتبہ ہیٹرک کی اور 1992 کے ورلڈ کپ فائنل میں پلیئر آف دی میچ بھی قرار پائے۔