خیبر پختونخوا (اُمت نیوز)خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ محمود خان نے محکمہ ایکسائز کی سرکاری گاڑی واپس کردی۔
دستاویزات کےمطابق خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ محمود خان کے گھر سے محکمہ ایکسائز کی ایک گاڑی برآمد ہوئی جسے ایکسائز ٹیم اپنے ساتھ لے آئی۔
ذرائع کے مطابق محکمہ ایکسائز کی تین بڑی گاڑیاں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے پاس موجود ہیں، تینوں گاڑیاں سابق وزیراعلیٰ جاتے وقت ساتھ لے گئے تھے جن میں سے دو گاڑیاں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے خود ان سے واپس لیں جبکہ ایک گاڑی کو آج واپس لایا گیا۔
دستاویز کے مطابق خیبر پختونخوا کے سابق وزرا و دیگر ارکان کے پاس موجود محکمہ ایکسائز کی گاڑیاں محکمہ ایڈمنسٹریشن نےدی تھیں،گاڑیاں واپس کرنا بھی محکمہ ایڈمنسٹریشن کا کام ہے۔
سیکرٹری ایکسائز نے ڈائریکٹر جنرل کو حقائق چھپانے پر وئیر ہاؤس انچارج سے وضاحت طلب کرنے کی ہدایات کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سرکاری گاڑیاں اب بھی غیر مجاز افراد کے پاس موجود ہیں۔
وئیر ہاؤس انچارج نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ محکموں نے سابق وزرا کو ایکسائز کی گاڑیاں دی تھی تو واپس کرنا بھی ایکسائز کی نہیں بلکہ ان محکموں کی ذمہ داری ہے۔
ایکسائز حکام کے مطابق اسپیکر مشتاق غنی کے نام پر v8 گاڑی موجودہ صوبائی وزیر ایکسائز منظور آفریدی کے زیراستعمال ہے۔
دوسری جانب محکمہ ایکسائز نے گاڑیوں کی تلاش میں کامران بنگش، تیمورجھگڑا، شہرام ترکئی، عاطف خان اور فضل الٰہی کے گھروں پر بھی چھاپے مارے ہیں۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق سابق وزرا کے گھروں میں گاڑٰیاں موجود نہیں تھیں۔