گوجرانوالہ (اُمت نیوز)پنجاب اسمبلی میں مبینہ جعلی بھرتیوں کے مقدمے میں سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو آج جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
پرویز الہٰی کی طرف سے لاہور بار کے صدر رانا انتظار عدالت میں پیش ہوں گے۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق پرویز الہٰی نے پنجاب اسمبلی میں گریڈ 17 کی 12 غیر قانونی بھرتیاں کیں، فیل اُمیدواروں کو ریکارڈ میں رد و بدل کر کے بھرتی کیا گیا۔
اس مقدمے سے متعلق اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ بھرتی کے عمل میں گھپلوں کے لیے جعلی ٹیسٹنگ سروسز کی خدمات لی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ اینٹی کرپشن کی انکوائری میں پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیاں ثابت ہوئیں۔
اینٹی کرپشن حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھرتیوں میں کرپشن کے واضح ثبوت موجود ہیں
واضح رہے کہ اینٹی کرپشن نے جعلی بھرتی کیس میں سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کو تیسری بار گرفتار کیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پرویز الہٰی کو 2 ارب روپے سے زائد کی کرپشن کے الزام میں گوجرانوالہ کی عدالت نے دونوں مقدمات میں بری کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد بری ہوتے ہی انہیں ایک اور مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔