روہڑی،صوفی شاعربیدل بیکس کے عرس میں دو گروہ لڑپڑے

سکھر(امت نیوز) روہڑی میں صوفی شاعربیدل بیکس کی درگاہ پرجھگڑا،سجادہ نشینی کے دعوے داردونوں گروہوں کے افراد کی ایک دوسرے پرلاتوں گھونسوں کی بارش،ایک دوسرے کے کپڑے پھاڑدیئے،پولیس نے محفل سماع بند کرادی،دونوں گروہوں کے متعدد افراد گرفتار،ڈی سی اور ایس ایس پی نے بعد ازاں صوفی شاعر کے سالانہ 155 ویں عرس کا افتتاح کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اپنے کلام کے ذریعے امن ،محبت ،رواداری اوربھائی چارے کا پیغام دینے والے روہڑی کے ہفت زبان صوفی شاعرحضرت فقیر قادربخش بیدل کے سالانہ 155 ویں عرس مبارک کی افتتاحی تقریب اس وقت ہنگامہ آرائی کا شکار ہوگئی جب مہمان خصوصی پیپلزپارٹی کے رہنما و صوبائی وزیرسید ناصرشاہ کے صاحبزادے سید کمیل حیدرشاہ ڈی سی سکھرشہزاد طاہرتھہیم اورایس ایس پی سنگھار ملک کے ہمراہ عرس کا افتتاح کرنے درگاہ پرپہنچے تو درگاہ کی سجادہ نشینی کے دعویدار دونوں گروہوں میں تلخ کلامی ہوئی اورنوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی، جھگڑا دیکھ کرسید کمیل حیدرشاہ افتتاح کیے بغیرروانہ ہوگئے۔

بعد ازاں پولیس حرکت میں آئی اوردونوں گروہوں کے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا،پولیس نے درگاہ پر محفل سماع بھی بند کرادی اورزائرین کو دھکے دیکرنکال دیا اوردرگاہ کا کنٹرول سنبھال لیا بعد ازاں ڈپٹی کمشنرسکھرشہزاد طاہرتھہیم اورایس ایس پی سکھرسنگھارملک نے سابق تعلقہ ناظم روہڑی سید قاسم علی شاہ کے ہمراہ درگاہ پرپہنچ کرصوفی شاعرکی مزارپرچادر چڑھاکر155 ویں سالانہ عرس کا افتتاح کیا۔