کابل(امت نیوز)افغان صوبے سرپول میں ایک اسکول کی 60 لڑکیوں کو زہر خوانی کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان صوبے سر پول میں لڑکیوں کے ایک اسکول میں نامعلوم افراد داخل ہوئے اور کلاسوں میں زیر تعلیم لڑکیوں کو زہر دیدیا۔ جس کے بعد درجنوں طالبات کی حالت بگڑ گئی۔
صوبائی محکمہ تعلیم کے سربراہ محمد رحمانی نے بتایا کہ ہفتہ اور اتوار کے دوران صوبہ سرپل کے ضلع سنگچارک میں تقریباً 80 طالبات کو زہر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نسوان کبود آب اسکول میں 60 اور نسوان فیض آباد اسکول میں 17 طلباء کو زہر دیا گیا۔
طالبات کو مسلسل الٹیوں اور قے ہونے کے بعد نیم بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی سخت نگہداشت کی جاری ہے۔ خوش قسمتی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تاحال واضح نہیں کہ طالبات کو زہریلا کھانا دیا گیا تھا یا کلاس روم میں زہریلی گیس چھوڑی گئی تھی۔ پولیس تحقیقات کر رہی ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔