کوئٹہ: ایئرپورٹ روڈ عالمو چوک پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے سپریم کورٹ کے وکیل عبدالرزاق شر کو قتل کردیا، مقتول چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف سنگین غداری کیس میں پٹیشنر تھے، آئینی درخواست پر سماعت کل ہونا تھی ۔
پولیس کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے سینئر وکیل عبدالرزاق ایڈووکیٹ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال منتقل کردی گئی ہے، جہاں پر وکلا کی بڑی تعداد پہنچ رہی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے سپریم کورٹ کے وکیل عبدالرزاق ایڈووکیٹ کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیا اور آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
دوسری جانب کوئٹہ بار ایسوسی ایشن نے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سینئر وکیل عبدالرزاق ایڈووکیٹ کے قتل پرعدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا۔ اس سلسلے میں کہا گیا ہے کہ ضلعی و سول عدالتوں میں کوئی وکیل پیش نہیں ہوگا۔