کراچی (امت نیوز)سندھ حکومت کے ترجمان و مشیرقانون سندھ بیرسٹرمرتضی وہاب نے کہا ہے کہ میئرکے معاملے پر پیپلزپارٹی میں کوئی گروپ بندی نہیں،آج سیاست میں جس مقام پرہوں اس میں فریال تالپورکا بڑا کردارہے،انکی شفقت کے بغیر میں کچھ بھی نہیں،میئربننے کے بعد اختیارات کا رونا نہیں روں گا،مسائل حل کروںگا،وہ گزشتہ روزکورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ( کاٹی) کے دورے کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔
بیرسٹرمرتضی وہاب کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی میں گروپ بندی کے خبریں بے بنیاد ہیں،ایسی خبریں چلانے والے حقائق کو مسخ کرنیکی کوشش کررہے ہیں،میئر کے ایم سی کیلئے مجھ سمیت پارٹی کے سات آٹھ افراد نے کاغذات جمع کروائے تھے جن میں سینئررہنما مسروراحسن،نجمی عالم، لیاقت آسکانی سمیت دیگر شامل تھے لیکن مشاورت کے بعد پارٹی قیادت نے یہ اہم ذمہ داری مجھے سونپی ہے جس پر قیادت کا تہ دل سے شکر گزارہوں اورمیں یہ اہم ترین ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانے کی بھرپورکوشش کرونگا۔
نجمی عالم میں میرے سینئرہیں وہ میری والدہ کے ساتھ سیاست کرتے تھے ہم ملکراس شہرکی خدمت کرینگے،پیپلزپارٹی دوسری سیاسی جماعتوں سے مختلف ہے یہاں گروپ بندی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تاہم ایشوزپراختلاف ہرجگہ ہوجاتے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ میں کئی مرتبہ کاٹی آیا ہوں،ایس ایم منیرمرحوم سے بہت پیارکا رشتہ تھا،ان شاء اللہ دھرنوں کی سیاست سے باہرآکرچارٹرآف کراچی پرمتحد ہونا ہوگا،کراچی کی تعمیر و ترقی کیلئے ہرفرد کو کام کرنا ہوگا اگرمنتخب ہوا تو عوام کی آواز ایوانوں میں ہوگی۔
کراچی پاکستان کا انڈسٹریل اور فنانشل حب ہے،اب 15 جون کے بعد آپکی آواز کراچی کی کونسل میں بھی ہوگی اگر منتخب ہونگا تو اختیارات کا رونا نہیں روں گا،موجودہ وسائل کو بروئے کار لاکر مسائل کو حل کرونگا،2016ء میں سب سے پہلے وزیراعلیٰ سندھ نے کاٹی کو پیسے دیئے تاکہ آپ اپنی مرضی سے ترقیاتی کام کروائیں مگراسکی تشہیرنہیں کی،تقریب سے کاٹی کے صدر فرازالرحمن اوردیگرنے بھی خطاب کیا۔