راولپنڈی (امت نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کارکنوں سے کہتا ہوں انصاف کا جھنڈا میرے ہاتھ میں ہے۔ تفصیلات کے مطابق 3 ایم پی او کے تحت جیل مٰیں قید پی ٹی آئی سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کارکنان سے کہنا چاہتا ہوں انصاف کا جھنڈا میرے ہاتھ میں ہے ، کل پی ٹی آئی چیئر مین سے ملاقات کروں گا ان سے رہنمائی حاصل کروں گا، ملاقات کے بعد میڈیا سے مفصل گفتگو کروں گا۔
پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ قید تنہائی میں ایک ماہ گزرا،سوچنے اور چیزوں کو دیکھنے کا کثیر وقت ملا، 9مئی کو کراچی سے اسلام اباد روانہ ہوا تو اہلیہ بیمار تھیں انکا آپریشن ہوا تھا، میرے بچوں نے کہا کہ ہماری وجہ سے کسی دباو میں نہ آنا ، میری قید میں فیملی نے بڑا ساتھ دیا ، ہر غروب کے بعد طلوع ہوتا ہے، قانونی ٹیم کا شکریہ انہوں نے دن رات میرے کیس کی پیروی کی ۔
پی ٹی آئی سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے میرے خلاف ایم پی او کا آرڈر کالعدم قرار دیا ،پنڈی سے دوبارہ نظر بندی کا آرڈر جاری ہوا،جسکا جواز نہیں تھا ، ڈی سی راولپنڈی کے کہنے پر تھری ایم پی او کے تحت دوبارہ گرفتاری ہوئی تھی، پراسیکیوشن کے پاس میری نظر بندی کا کوئی ٹھوس جواز موجود نہیں تھا ۔