قاہرہ(نیٹ نیوز) سرجری کے دوران طبی غلطی سے سابق وزیر صحت کی جان ہی چلی گئی۔ تٖفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مصر کے سابق وزیر صحت 68 سالہ ڈاکٹر احمد عماد الدین راضی کی عارضہ قلب کے باعث سرجری میں ڈاکٹروں کی غلطی جان لیوا ثابت ہوئی۔
مصر کے سابق وزیر صحت کو دل کا دورہ پڑا جس کے باعث انہیں فوری طور پر مشرقی قاہرہ میں واقع نصر شہر کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
ڈاکٹروں نے وزیر موصوف کی سرجری کا فیصلہ کیا۔ سرجری کے دوران طبی غلطی سے سابق وزیر صحت کی جان ہی چلی گئی۔ موجودہ وزیر صحت ڈاکٹر خالد عبدالغفار نے سابق وزیر کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر راضی ایک قابل علمی اور تحقیقی شخصیت تھے۔ انہوں نے علم و تحقیق کے میدان میں مقامی اور عالمی سطح پر کئی اہم کارنامے انجام دیئے تھے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر احمد عماد الدین راضی نے ستمبر 2015 میں وزارت صحت کا قلمدان سنبھالا تھا اور جون 2018 تک اس عہدے پر فائز رہے۔ ڈاکٹر احمد عماد الدین کا شمار مصر کے مشہور آرتھوپیڈک سرجنوں میں ہوتا تھا وہ اپنے کیریئر کے دوران متعدد کلیدی عہدوں پر فائز رہے۔