کراچی: جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے 63 نمائندے ایک ساتھ سٹی کونسل کراچی پہنچ گئے ، مخصوص نشست کے حامل نمائندوں کو حلف کیلیے طلب کیا گیا تھا ۔
کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن میں جماعت اسلامی اور تحریک انصاف سب سے بڑی پارلیمانی گروپ بن کر سامنے آگئی ہے ،مخصوص نشستوں پر دونوں جماعتوں کے 63اراکین ایک ساتھ پہنچ گئے۔
معلوم ہوا ہے کہ تمام مخصوص نمائندوں کو جماعت اسلامی کے لوگوں نے اپنے پاس بحفاظت ٹہرایا اور آج حلف کیلیے ایک ساتھ جلوس کی شکل میں سٹی کونسل پہنچے ۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں کے مطابق مئیر کراچی کا فیصلہ واضح ہوگیا ،ان شاء اللہ مئیر کراچی جماعت اسلامی کا ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے خرم شیر زمان کو بلدیاتی نمائندوں کا نگران مقرر کیا ہے اور انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ جماعت اسلامی کراچی کے ساتھ مل کر ایسا منصوبہ تشکیل دیں کہ میئر کراچی کے ووٹ کیلیے تمام نمائندے سٹی کونسل میں موجود ہوں ۔
خرم شیر زمان یوسی چیرمینز اور مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے نمائندوں سے رابطے میں ہیں ، ذرائع نے بتایا کہ عمران خان نے واضح کیا ہے کہ جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار کی حمایت نہ کرنے والا منتخب نمائندہ پارٹی کی بنیادی رکنیت سے بھی فارغ کردیا جائے گا ۔
تحریک انصاف کے ایک ضلعی صدر کے مطابق دو چیئرمینز جیل میں ہیں جبکہ باقی تمام لوگ رابطے میں ہیں اور میئر الیکشن میں جماعت اسلامی کے امیدوار کو کامیاب بنائیں گے۔