لاہور(امت نیوز) عدالت سے رہائی کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی کی سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے۔
وائس چیئرمین پی ٹی آئی بدھ کی دوپہر عمران خان سے ملاقات کیلئے زمان پارک لاہور پہنچے۔ زمان پارک میں سابق وزیراعظم اور سابق وفاقی وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران سیاست سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوسری طرف مجلس وحدت المسلین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس اور ان کے وفد نے عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات کی ۔
تحریک انصاف کی لیڈرشپ، ورکرز اور سپورٹرز کے ساتھ ملک بھر میں جاری لاقانونیت، بربریت اور مظالم پر مجلس وحدت السلمین کے وفد نے شدید مذمت کی اور تحریک انصاف کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
خیال رہے کہ شاہ محمود قریشی پاکستان تحریک انصاف کے وہ واحد رہنماء ہیں جنہوں نے پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان نہیں کیا اور رہائی کے فوراً بعد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کا اعلان کیا تھا۔
شاہ محمود قریشی کو گزشتہ رات عدالتی حکم پر اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا تھا، رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج بھی انصاف کا جھنڈا میرے ہاتھ میں ہے،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کروں گا،اور ان سے رہنما ئی حاصل کروں گا۔