فائل فوٹو
فائل فوٹو

خدیجہ شاہ کیس : امریکی سفارتخانے کی درخواست وزارت داخلہ کو بھیج دی، دفتر خارجہ

اسلام آباد:  دفترخارجہ نے کہا ہے کہ خدیجہ شاہ کیس میں امریکی سفارتخانے کی قونصلر رسائی کی درخواست وزارت داخلہ کو بھیج دی ہے۔

ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ خدیجہ شاہ کی دہری شہریت کی وجہ سے امریکی سفارتخانے نے قونصلر رسائی کی درخواست کی جو وزارت داخلہ کو بھجوا دی گئی ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث کرداروں کے ساتھ آئین اور قانون کے مطابق سلوک کیا جا رہا ہے، پاکستان آئین اور قانون کے مطابق چلنے والا ملک ہے، پاکستان میں تمام شہریوں کو بنیادی حقوق حاصل ہیں، پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات بے بنیاد ہیں۔

دفترخارجہ کی ترجمان نے کہا کہ انسداد دہشتگردی پر پاکستان ، چین اور ایران کے سہ فریقی مذاکرات ہورہے ہیں، بیجنگ میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت ڈی جی کاؤنٹر ٹیررازم کررہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھارتی افواج کا ظلم و ستم جاری ہے،عالمی برادری سے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔