اسلام آباد: معاون خصوصی برائے داخلہ عطا تارڑ کاکہنا ہے کہ جو لوگ پی ٹی آئی چھوڑ کر جا رہے ہیں ان کو سلام پیش کرتا ہوں، فواد چوہدری اور علی زیدی غداری کا لیبل اپنے اوپر لگانے کو تیار نہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ ہونے میں 6 سال لگے، تاخیری حربے استعمال ہوئے، لاڈلے نے تاخیری حربوں کو استعمال کیا ورنہ آج جیل میں ہوتا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ گڈ ٹو سی یو نے ریلیف نہ دیا ہوتا تو کل عبدالرزاق شر کو شہید نہ کیا جاتا، یہ جرات کہاں سے آتی ہے کہ آپ اپنے خلاف کیسز کی پیروی پر وکیل کو قتل کرا دیں؟
انہوں نے کہا کہ کل مقتول وکیل کے بیٹے نے ملزم کو نامزد کر کے پرچہ کرایا ہے، عبدالرزاق شر والے معاملے کے تانے بانے چیئرمین پی ٹی آئی سے ملتے ہیں، پہلے کرپشن کی اور اب وہ شخص قتل پر بھی اتر آیا ہے، یہ کریمنل مائنڈڈ لوگ ہیں جن کا خیال ہے کہ ان کا وجود ریاست سے بڑا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے مزید کہا کہ ہمارے پاس گنجائش ہی نہیں نئے لوگوں کو لینے کی، جہانگیر ترین کے ساتھ ہمارا آئیڈیل ورکنگ ریلیشن شپ ہے، الائنس کا فیصلہ تو پارٹی کرے گی لیکن جہاں ہوسکے گا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جاسکتی ہے ۔