کراچی(امت نیوز)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ HVACR سیکٹر جدید ٹیکنالوجیز کے ذریعے ریونیو پیدا کر کے اور بے روزگاری کے خلاف لڑ کر معیشت کو سہارا اور منسلک صنعتوں کو حوصلہ دے رہا ہے،ملک کی معاشی بقا کا انحصار زیادہ سے زیادہ برآمدات پر ہونا چاہئے تاکہ درآمدات پر ہمارا انحصار کم کیا جا سکے، ہمیں ایک ایسی حکمت عملی اپنانی ہو گی جو غیر ملکی مصنوعات اور تکنیکوں کا کامیابی سے مقابلہ کر سکے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان HVACR سوسائٹی کے زیر اہتمام 28ویں HVACR بین الاقوامی ایکسپو اور کانفرنس 2023کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ امریکہ، جرمنی، چین، تھائی لینڈ ، ترکی، اسپین اور مشرق وسطیٰ کے ممالک سے معزز مندوبین کی تقریب میں شرکت خوش آئند ہے،ہمارا نجی شعبہ ملک کی صنعتی ترقی کے لیے بھرپور کوشش کر رہا ہے، پاکستان کے HVACR سیکٹر نے اپنے طور پر ملک کی پائیدار ترقی کی راہ ہموار کی ہے، جبکہ یہ ایونٹ ہماری صنعتوں، ٹیکنالوجیز اور جدت کو دنیا کے سامنے دکھانے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔یہ ایکسپو ہماری اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے اور سرمایہ کاری کے لیے نئی راہیں فراہم کرے گا۔ گورنرسندھ نے کہا ہے کہ یونٹی فوڈز کی معاونت سے آج مستحق افراد میں راشن بیگس تقسیم کئے جارہے ہیں ،اس پروگرام کے تحت ایک لاکھ افراد میں راشن بیگز تقسیم کئے جائیں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں مستحق افراد میں راشن بیگ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایک راشن بیگ پانچ افراد کی مہینہ بھر کی ضرورت پوری کرے گا۔ یونین کونسلوں میں رجسٹریشن کا عمل جلد شروع کریں گے جس کے بعد گورنرہائوس یا بذریعہ کوریئر سروس راشن فراہم کیا جائے گا یہ کراچی ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں راشن بیگز تقسیم ہوں گے ۔ 6ماہ تک مفت راشن فراہم کیا جائے گا، مستحق افراد کے کارڈز بنوائے جائیں گے جس کے بعد کارڈ دکھا کرلوگ گورنر ہاوس سے راشن لے سکیں گے۔ گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نےملاقات کی۔ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال،ملک کو درپیش معاشی چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے اقدامات دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ، مختلف شعبوں میں وفود کے تبادلوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی بات چیت ہوئی۔
گورنرسندھ نے کہاکہ9 مئی کے واقعات ملک کو بدنام کرنے کی سازش تھے، افواج پاکستان کے صبرو تحمل کے باعث دشمن اپنے مذموم مقاصد میں ناکام رہا۔ گورنربلو چستان ملک عبد الولی خان کاکڑ نے کہا کہ صوبہ میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کئے گئے گورنر سندھ کے اقدامات لائق تحسین ہیں۔ گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے آڈیٹر جنرل آف پاکستان محمداجمل گوندل نے وفد کے ہمراہ گورنر ہاس میں ملاقات کی ۔ملاقات میں سرکاری فنڈز کے شفاف استعمال ،اس ضمن میں آڈیٹر جنرل کے ادارہ کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں DG to AGPمحمد لقمان،ایڈیشنل اے جی نیاز شیخ،اکاﺅنٹنٹ جنرل محمود عامر،ڈی جی آڈٹ کامران علی ہاشمی اور ڈپٹی ڈائریکٹر گلزار ابڑو شامل تھے ۔