فرانس: چاقو کے حملے میں 4 بچوں سمیت 5 افراد زخمی، 3 کی حالت تشویشناک

پیرس (نیٹ نیوز) فرانسیسی الپس کے پہاڑی علاقے میں واقع شہر اینیسی میں مبیّنہ طور پر شامی پناہ نے چاقو کے وار کر کے چار بچوں اورایک شخص کو زخمی کردیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سیکیورٹی ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دو بچّوں اور بالغ شخص کی حالت تشویش ناک ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے اس سے قبل 6 بچوں سمیت سات افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی تھی لیکن بعد میں زخمیوں کی تعداد پر نظرثانی کی گئی ہے۔

سیکیورٹی ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ چاقو سے مسلح شخص نے مقامی وقت کے مطابق جمعرات کو صبح 9 بج کر 45 منٹ پر شہر میں جھیل کے قریب واقع پارک میں کھیلنے والے 3 سال کی عمر کے بچوں کے ایک گروپ پر حملہ کیا۔

فرانسیسی وزیر داخلہ جیرالڈ ڈارمینن نے ٹویٹ میں بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کے فوری رد عمل کی بدولت ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔میکرون نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے مکمل بزدلانہ’ قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج صبح اینیسی کے پارک میں مکمل بزدلانہ حملہ کیا گیا ہے۔ بچے اور بالغ اپنی زندگی کے لیے لڑ رہے ہیں۔ قوم اس پر حیران ہے۔ ہماری ہمدردیاں زخمیوں کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ اور ہنگامی خدمات کے ساتھ ہیں۔

فرانسیسی میڈیا میں حملے کی خبر پھیلنے کے بعد وزیر اعظم ایلزبتھ بورن کے دفتر نے اعلان کیا کہ وہ جائے وقوعہ کا دورہ کر رہی ہیں اور قومی پارلیمان کے ارکان نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی ہے۔

پولیس ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ چاقو کے حملے میں ملوّث مشتبہ شخص نے پولیس کو بتایا کہ وہ شامی پناہ گزین ہے۔ اس مشتبہ حملہ آور کی شناخت کی تصدیق کی جارہی ہے اور اس امرکی تصدیق نہیں کی گئی ہےکہ آیا سیکیورٹی سروسز کو اس کے بارے میں پہلے سے کچھ معلوم نہیں تھا۔