دفاع کیلئے 1804 ارب روپے، 1150 ارب روپے کے وفاقی ترقیاتی پروگرام رکھے گئے ہیں،فائل فوٹو
دفاع کیلئے 1804 ارب روپے، 1150 ارب روپے کے وفاقی ترقیاتی پروگرام رکھے گئے ہیں،فائل فوٹو

وفاقی کابینہ نے تنخواہوں میں 35 فیصد تک اضافے کی منظوری دیدی

اسلام آباد: زیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے خصوصی بجٹ اجلاس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد تک ایڈہاک اضافے کی منظوری دیدی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں مالیاتی بل 24-2023 کی منظوری دے دی گئی۔

وزارت خزانہ کے حکام نے کابینہ کو بجٹ لے آؤٹ پر بریفنگ دی اور ذرائع کا بتانا ہے کہ وزارت خزانہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اورپنشن میں 20 فیصد ایڈہاک ریلیف کی تجویز پیش کی، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزارت خزانہ کی تجویز پر بحث  کے بعد سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 35 فیصد تک ایڈہاک اضافے کی منظوری دیدی۔

ذرائع کے مطابق گریڈ ایک سے گریڈ 16 کے سرکاری ملازمین کے لیے تنخواہ میں 35فیصد ایڈہاک اضافے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ گریڈ 17سے اوپر کے سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 30 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی کابینہ نے کم سے کم تنخواہ 30ہزار روپے مقرر کرنے کی منظوری دی ہے جبکہ پینشنرز کی پینشن میں ساڑھے 17فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔

وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں دفاع کیلئے 1804 ارب روپے، 1150 ارب روپے کے وفاقی ترقیاتی پروگرام، انفراسٹرکچر کیلئے 491.3 ارب روپے مختص کرنے، توانائی کے شعبے کیلئے 86.4 ارب روپے رکھنے، ٹرانسپورٹ اور کمیونیکیشن کے شعبے کی ترقی کیلئے 263.6 ارب روپے مختص کرنے، فزیکل پلاننگ اور تعمیرات کے شعبے کیلئے 41.5 ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی، ڈالرز کے مقابلہ میں روپے کی قدر میں کمی سے دفاعی بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ نہ کیا جاسکا۔

وفاقی کابینہ نے آبی ذخائر اور شعبہ آب کیلئے 99.8 ارب روپے، سماجی شعبے کی ترقی کیلئے 241.2 ارب روپے، صحت کے شعبے کیلئے 22.8 ارب روپے، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے پروگراموں کیلئے 90 ارب روپے، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے 60.9 ارب روپے، خیبرپختونخوا میں ضم ہونے والے اضلاع کیلئے 57 ارب روپے، سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کیلئے 33.7 ارب روپے رکھنے کی منظوری دی۔

اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف سرکاری ملازمین کے وکیل بن گئے، وزیر اعظم نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا جائے گا۔