کراچی( اسٹاف رپورٹر ) ایف آئی اے نے پروڈکشن ہاوس کے نام پر خاتون کی قابل اعتراض ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سائبر کرائم ونگ سندھ کی کارروائی میں سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر سکھر کی ٹیم نے جنسی ہراسگی میں ملوث ملزم مختیار کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے اپنے پروڈکشن آفس کے چینجنگ روم میں خفیہ کیمرہ نصب کیا ہوا تھا۔
ملزم نے خفیہ کیمرے سے خاتون کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز ریکارڈ کیں۔ملزم نے ویڈیوز کی آڑ میں متاثرہ کو بلیک میل کرتے ہوئے ویڈیو کالز پر اکسایا۔ ملزم نے قابل اعتراض ویڈیوز واٹس ایپ اور فیس بک کے ذریعے شئیر کیں۔ملزم گزشتہ 6 ماہ سے متاثرہ کو بلیک میل کر رہا تھا۔
ملزم نے متاثرہ سے قابل اعتراض ویڈیوز کے عوض بھاری رقوم کا بھی مطالبہ کیا۔ملزم کو لاڑکانہ سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم کے موبائل سے قابل اعتراض مواد اور مذکورہ واٹس ایپ اکاونٹ برآمد کر لیا گیا۔ ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔مزید تفتیش جاری ہے۔