کراچی (امت نیوز) میئر کراچی کا الیکشن 15 جون کو ہوگا۔ پاکستان پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے۔ کراچی میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ کاغذات جمع کرا دیے ہیں، مرتضیٰ وہاب ہی کراچی کے میئر ہوں گے اور شہر کی خدمت کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ میئر منتخب ہوگیا تو پیپلزپارٹی کا انسانیت کی خدمت کا ایجنڈا جاری رکھوں گا، بلاول بھٹو کی قیادت میں شہر قائد کے مسائل حل کریں گے۔ بغیر ثبوت کے مجھ پر الزامات عائد کیے جارہے ہیں، جو حافظ نعیم کو ووٹ نہیں دے رہے اس کا الزام ہم پرعائد نہ کیا جائے۔
دوسری طرف میئر کراچی کے لئے جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروادیے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی نے اتوار کو پیپلزپارٹی کے خلاف احتجاج کا اعلان بھی کردیا ہے۔
کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ میئر کے انتخاب سے قبل جو لوگ غائب ہورہے ہیں اس کی ذمہ داری پیپلزپارٹی، حساس اداروں رینجرز سمیت پولیس پر عائد ہوتی ہے، پیپلزپارٹی ملک توڑدے گی لیکن مینڈیٹ تسلیم نہیں کریگی۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کراچی سمیت پاکستان بھر میں پیپلزپارٹی کی غیر جمہوری روئے کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔
وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے حافظ نعیم کی تنقید پر اپنے ردعمل میں کہا کہ حافظ نعیم تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش نہ کریں، جماعت اسلامی نے قیام پاکستان کی مخالفت کی تھی، جماعت اسلامی کو کراچی کی میئر شپ خیرات میں نہیں دے سکتے۔
انھوں نے کہا کہ ضیا مارشل لاء میں بھی کراچی نے پیپلز پارٹی کو مینڈٹ دیا تھا، مگر میئر جماعت اسلامی کا بن گیا۔ اس مرتبہ کراچی میں پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت ہے اور میئر بھی ہمارا ہی ہوگا۔