کراچی (اُمت نیوز) سمندری طوفان بائپر جوائے مزید شدت اختیار کر گیا ہے اور اس وقت پاکستان کے ساحل سے تقریباً 850 کلو میٹر کے فاصلے پر پہنچ گیا ہے۔ ترجمان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کا کہنا ہے کہ طوفان بائپر جوائے 150 کلومیٹر فی گھنٹےکی رفتار سے شمالی بحر ہند میں موجود ہے، اگلے 24 گھنٹوں تک بائپر جوائے کی شدت اسی رفتار سے برقرار رہنےکا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق سمندری طوفان کراچی سے تقریباً 850کلومیٹرکے فاصلے پر جنوب کی سمت پر واقع ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر ساحلی علاقے تیز آندھی، سمندری طوفان اور سیلاب کی زد میں آسکتے ہیں، مئی میں سمندری طوفان کے بارے میں متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا تھا۔ ممکنہ اثرات کو مد نظر رکھتے ہوئے عوام موسمیاتی حالات سے آگاہ رہیں،عوام سیر و تفریح کےلیے سمندری ساحل پر جانے سے گریز کریں،کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایت پر عمل کریں۔