لاہور(اُمت نیوز)ایشیا کپ 2023 پاکستان اور سری لنکا میں ہوگا، پاکستان کرکٹ بورڈ کا مجوزہ ہائبرڈ ماڈل منظور کر لیا گیا۔ ایشیا کپ کے ابتدائی 4 میچ لاہور میں ہوں گے جبکہ باقی تمام میچز کا میزبان دمبولا اور پالی کیلے ہوگا۔ ایشیا کپ ستمبر میں کھیلا جائے گا اس پر تمام ممالک تیار ہوگئے۔ ایشیا کپ سے متعلق اعلان جلد کیا جائے گا۔
قبل ازیں خبر آئی تھی کہ ایشیا کپ کے حوالے سے بھارت کی ’میں نہ مانوں‘ کی رٹ برقرار ہے جس کے تحت پی سی بی کے ہاتھ سے ایشیا کپ کی ہائبرڈ میزبانی بھی نکلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔
واضح رہے کہ بھارت کا مؤقف تھا کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کھیلنے نہ پاکستان آئے گی نہ امارات میں ایشیا کپ کھیلے گی۔ آئی پی ایل فائنل کے موقع پر ایشین کرکٹ کونسل کے چند ممبرز کی بھارتی بورڈ حکام سے ملاقات نے صورتحال تبدیل کر دی جس کے بعد سری لنکا بھی ’مختصر نوٹس‘ پر ایشیا کپ 2023 کی مکمل میزبانی کی دوڑ میں شامل ہوگیا تھا۔ خیال رہے کہ پاکستان نے ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ کے ابتدائی 4 میچز پاکستان میں اور بقیہ میچز یو اے ای میں کرانے کی تجویز دی جسے بھارتی میڈیا کے مطابق مسترد کیا گیا۔