سمندری طوفان بائپر جوائے کراچی سے 770 کلو میٹردور

کراچی(اُمت نیوز) بحریہ عرب میں موجود سمندری طوفان بائپر جوائے نے شدت اختیار کر لی
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بائپر جوائے کراچی سے 770 کلو میٹردور جنوب میں موجود ہے، طوفان شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے، جبکہ ٹھٹھہ کے جنوب سے 750 کلومیٹر دور ہے، طوفان اورماڑہ کے جنوب مشرق سے 860 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
سردار سرفراز کے مطابق بائپر جوائے میں مزید شدت آگئی ہے، طوفان کا یہ سسٹم شمال کی جانب بڑھتا رہے گا، سسٹم کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 140 سے 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، سسٹم کے مرکز اور اطراف میں لہریں 30 سے40 فٹ بلند ہو رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں 13 جون سے تیز ہوائیں چلنے اور موسلادھار بارش کا امکان ہے، اس دوران ہوائیں 60 سے 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں، جبکہ اس سے کراچی، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر اور میرپور خاص میں 13 جون کی شام یا رات سے موسلادھار بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ تیز ہواؤں کے باعث کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچ سکتا ہے، طوفان کی بحیرۂ عرب میں موجودگی تک سمندر میں شدید طغیانی رہے گی۔
دوسری جانب ممکنہ خطرات کے باعث کراچی کے ساحلی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کر کے ماہی گیروں کے کھلے سمندر میں جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سمندری طوفان ”بائپر جوئے“ سائیکلون کے پیشگی ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی ہے