قاہرہ (نیٹ نیوز) عموما دیکھنے اور سننے میں بہت سے ایسے واقعات ہمارے سامنے آتے ہیں جنہیں قبول کرنا تھوڑا مشکل ہوتا ہے،کوئی بھکاری لاکھوں کا مالک بھی ہوسکتا ہے؟ جی بالکل ایسا ہی واقعہ مصر میں سامنے آیا ہے۔ مصرمیں ایک بھکاری عورت کی موت کے بعد انکشاف ہوا ہے کہ وہ بہت بڑی دولت کی مالک تھی،جو اس کی چھپا کر رکھی تھی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق علی عبدالجلیل نامی بھکارن کے پاس 10 لاکھ پاؤنڈز تھے اور وہ قنا گورنری میں گلیوں اور بازاروں میں لوگوں سے بھیک مانگ کر گزر بسر کرتی تھی۔
رپورٹس کے مطابق چند روز قبل یہ عورت اپنے گھر کے اندر مردہ پائی گئی اور اس کے بہن بھائیوں کے بھی بہت غریب ہونے کی وجہ سے علاقے کے رہائشیوں نے تدفین کے اخراجات ادا کیے۔ مرنے کے 10 دن بعد جب عورت کے گھر کی تلاشی لی گئی تو وہاں سے تقریباً 10 لاکھ پاؤنڈ برآمد ہوئے جو گھر کے صحن میں ایک تھیلے میں چھپائے گئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق تھیلے میں زیادہ تردھاتی سکے اورکچھ نوٹ تھے جس کے بعد لوگوں نے رقم کو عورت کے 5 بہن بھائیوں میں تقسیم کر دیا۔ اس واقعے کے بعد مقامی لوگوں نے بھکاری عورت کے پاس اتنی بڑی رقم ہونے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔