میئر کراچی 6 اور ڈپٹی میئرکیلئے7 امیدوارں کے کاغذات نامزدگی منظور

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی کے لیے 6 اور ڈپٹی میئر کے لیے 7 امیدوارں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے، پی ٹی آئی کے امیدوار نے اپنا فارم واپس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق میئر کراچی کے لیے 6 اور ڈپٹی میئر کے لیے 8 فارم جمع کرائے گئے تھے جن کی اتوار کو جانچ پڑتال کی گئی۔ میئر کراچی کے لیے پیپلز پارٹی کے مرتضی وہاب، سید نجمی عالم، کرم اللہ، جماعت اسلامی کے نعیم الرحمن خان، محمد جنید مکاتی اور سیف الرحمن کے نامزدگی فارم درست قرار دیے گئے جبکہ ڈپٹی میئر کے لیے پیپلز پارٹی کے سلمان عبداللہ، ارشاد علی، جماعت اسلامی کے سیف الدین، قاضی سید صدر الدین، مسلم لیگ (ن) کے محمد اکرم، محمد یعقوب اور غلام شعیب کے کاغذات منظور کرلیے گئے ہیں۔ ڈپٹی میئر کے لیے پی ٹی آئی کے واحد امیدوار ذیشان زیب نے اپنا نامزدگی فارم واپس لے لیا۔ آج 12 جون کو منظور یا مسترد ہونے والے کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں جمع کرائی جاسکیں گی۔ 13 جون تک ان اپیلوں پر فیصلے ہونگے۔ 14 جون تک امیدوار پارٹی ٹکٹ جمع کراسکیں گے اور اسی دن امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی۔ 15 جون کی صبح 8 سے شام 5 بجے تک پولنگ ہوگی جبکہ ریٹرننگ افسران نتائج کا اعلان 16 جون کو کریں گے۔ تمام بلدیاتی کونسلز کے سربراہان کی حلف برداری کی تقریبات 19 جون کو ہوں گی۔