پاکستان ایٹمی قوت نہ ہوتا تو بھارت پاکستان کو کھا جاتا، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد (امت نیوز) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا پاکستان ایٹمی قوت نہ ہوتا تو بھارت پاکستان کو کھا جاتا، نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا نے کہا پاکستان ایٹمی دھماکے نہ کرے اس وقت ملک کا وزیراعظم نوازشریف تھے، امریکی صدر نے 5 مرتبہ ٹیلی فون کر کے کہا دھماکے نہیں کریں امریکی صدر نے کہا 5 ارب ڈالرز دنیا کی کسی بھی اکاؤنٹ میں جمع کرادیتے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جو نوازشریف پر کرپشن کے الزامات لگاتے رہے، انہیں شرم نہیں آتی، آج ہم 1 ارب ڈالرز کے لیے آئی ایم ایف اور دنیا کے پاؤں پکڑ رہے ہیں، نوازشریف نے ہر دباؤ برداشت کیا اور ہر چیز کو ٹھکرایا پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی قوت نہ ہوتا تو بھارت پاکستان کو کھا جاتا اب ایسا نہیں ہوسکتا، ایٹمی طاقت کےساتھ لڑائی نہیں جیتی جاسکتی، ہندوستان کو پتہ ہے کہ پاکستان پر حملہ کیا تو ہندوستان بھی تباہ ہوجائے گا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ موجودہ باندر حقیقی آزادی کے نام پر آیا تھا اس بچہ جمہورے کو پال پوس کر ہم پرمسلط کیا گیا انہوں نے بے شرمی اور بے حیائی کا کلچر پروان چڑھایا، انہوں نے گھٹیا ترین کرپشن کی، فرح گوگی اور پنکی پیرنی جیسے کردار متعارف کرائے۔

انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے راستے پر ایک جنونی نے اس پر فائرنگ کی، اس شخص نے 3 دن پہلے وزیرآباد سے 20 ہزار کا پسٹل خریدا تھا۔ سندھ کا سابق گورنر کہتا ہے کہ 15 دن جیل میں رہا پھر کہتا ہے پی ٹی آئی خدا حافظ، سیاست سے بریک لے رہا ہوں، کوئی کہتا تھا ماتھے پر گولی ماردو، 3 دن بعد کہتا ہے پی ٹی آئی خدا حافظ۔