پشاور: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پارٹی رہنماﺅں کو عام انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت کردی
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ سابق حکومت نے ملکی معیشت کا ستیاناس کردیا،ہر پاکستانی معاشی بحران کی زد میں ہے،ان حالات میں قومی بجٹ کو متوازن قرار دیا گیا،کوئی شک نہیں سابق حکومت نے معیشت کو زمین بوس کیا،حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے بھی ہدف ہوگا کہ عام آدمی کو ریلیف ملے،معیشت اس قدر گرچکی اسے اگلی حکومت اٹھائے گی ۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کو بین الااقومی ایجنڈے کے تحت روکا گیا،70 ارب سے زیادہ چین کی سرمایہ کاری کو ڈبویا گیا، اعتماد کو تباہ کیاگیا، چیئرمین پی ٹی آئی خود کو صادق و امین کہتے ہیں،جس کو چیئرمین پی ٹی آئی چور کہتے ہیں اس کو سب پیسے دینے کو تیار ہیں،کیوں ہماری نئی نسل او رقوم کو گمراہ کیا جارہا ہے۔
مولانا فضل الرحمن کاکہنا تھا کہ پی ڈی ایم انتخابی اتحاد نہیں،جے یو آئی کی مرکزی مجلس شوریٰ کو عام انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت کردی ۔انہوں نے کہاکہ الیکشن آئینی مدت سے آگے بڑھانے کا فیصلہ پارلیمنٹ نے کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر پر قبضہ چیئرمین پی ٹی آئی اور مودی گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے۔ متنازع فیصلے کی قیمت قوم آج تک ادا کررہی ہے۔ عام انتخابات کے لیے چاروں صوبوں کوتیاری کی ہدایت کردی ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے مزید کہا کہ میگا اسکینڈلز کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی اور تحریک انصاف کے خلاف کارروائی کیوں نہیں ہورہی، حکومت سے پوچھ رہے ہیں، تین بارکے وزیراعظم کے خلاف کارروائی ہوتی ہے تو چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف کیوں نہیں۔