لاہور(امت نیوز) سیشن کورٹ نے پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں کے خلاف کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں کل دوبارہ جسمانی ریمانڈ کے لیے پیش کرنے حکم دے دیا۔ ایڈیشنل سیشن جج صائمہ ریاست نے اینٹی کرپشن کی اپیل پر فیصلہ سنایا اور اپیل کو منظور کر لیا۔
اینٹی کرپشن نے اپنی اپیل میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے اُس فیصلے کو جیلنج کیا تھا جس کے تحت جوڈیشل مجسٹریٹ نے جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کر دی تھی۔
عدالت نے حکم دیا کہ چوہدری پرویز الہٰی کو کل جسمانی ریمانڈ کے لیے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے۔
اینٹی کرپشن نے اس سے پہلے پرویز الہی کو جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضی ورک کے روبرو پیش کیا تھا اور عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔