ایران کا امریکا کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا عندیہ

تہران( نیوز نیٹ ) ایران نے کہا کہ اگر واشنگٹن خیر سگالی کا مظاہرہ کرے تو ایران اور امریکا جلد ہی قیدیوں کا تبادلہ کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ایران میں پکڑے گئے متعدد امریکیوں میں سے ایک امریکی ایرانی دوہری شہریت رکھنے والا تاجر سیامک نمازی ہے، جسے 2016 میں جاسوسی اور امریکی حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کے جرم میں 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

عرب میڈیا کے مطابق یہ بیان ایران کے سپریم لیڈر کی جانب سے مغرب کے ساتھ جوہری معاہدے تک پہنچنے کے امکان کا اشارہ دینے کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ ناصر کنانی نے ہفتہ وار نیوز کانفرنس میں کہا کہ امریکا کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے معاملے کے حوالے سے ثالثوں کے ذریعے مذاکرات جاری ہیں، اگر دوسرا فریق بھی اسی سنجیدگی اور خیر سگالی کا مظاہرہ کرے تو مستقبل قریب میں ایسا ہو سکتا ہے۔